بسم اللّٰہ کی خصوصیات
بسم اللّٰہ کی بہت ساری خصوصیات ہیں جنہیں احاطہ تحریر میں لانا کارے دارد، تاہم روز مرہ کی ضروریات کے مطابق چند خصوصیات مذکور ہیں۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ: بسم اللّٰہ کے اعداد اور پڑھنے والے کے نام کے اعداد ملاکر (جملہ اعداد حاصلہ کے موافق) جس مقصد کے لیے دُعاء کرے انشاء اللّٰہ وہ مقصد پورا ہوگا۔
اگر بسم اللّٰہ کا عامل کسی دوسرے شخص کے افادہ کے لئے پڑھنا چاہے تو بسم اللّٰہ نیز عامل و معمول (حاجتمند) کے اعداد کے موافق پڑھ کر حصول مقصد کے لئے دعاء کرے۔ بالخصوص عروج ماہ کے پہلے ہفتہ میں کسی روز دعاء کی ابتداء کی جاسکتی ہے۔
تسخیر قلوب: جو شخص، بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ، سات سو چھیاسی مرتبہ کسی پارچہ پر لکھ کر اپنے پاس رکھے، یا بسم اللّٰہ کے عامل سے اس کا نقش لکھوا کر اپنے پاس رکھے تو اس کی طرف دیکھنے والے لوگوں کے دلوں میں اس کی عظمت و عزت ہوگی، کوئی اس کے ساتھ ہذل و ہذیان اور بدسلوکی نہ کر سکے گا۔
حفاظت از آفات: جو شخص بسم اللّٰہ کے عامل کی اجازت سے قمری تقویم کے موافق ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو سات سو چھیاسی مرتبہ پوری بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کاغذ پر لکھ کر اپنے پاس رکھے، ہر طرح کی آفات و مصائب سے محفوظ رہے گا۔
چوری اور شیطانی اثرات و خلل سے حفاظت: جو شخص رات کو سونے سے پہلے 41، مرتبہ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھے، تو اس کا گھر، مال و زر چوری اور شیطانی اثرات سے محفوظ رہے گا۔ نیز حادثہ فاجعہ اور ناگہانی موت سے محفوظ رہے گا۔
جانی دشمن و ظالم پر غلبہ: جو شخص اپنے جانی دشمن یا کسی ظالم کے سامنے جانے سے قبل 100، مرتبہ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ لے، یا موقعہ و محل پر پہونچ کر ہی پڑھ لے تو اللّہ تعالیٰ اس شخص کو اس کے دشمن یا ظالم پر غلبہ عطاء فرمائیں گے۔
قوت حافظہ کے لیے: رات میں کسی وقت 786 مرتبہ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ کر تھوڑے پانی پر دم کرکے مٹی کے برتن میں رکھ دے، طلوع آفتاب کے وقت پئے تو غباوت و کند ذہنی ختم ہوگی، اور حافظہ قوی تر ہوجائے گا۔
حفاظت حمل: جس عورت کا حمل خام ہی ساقط ہوجاتا ہو، یا ولادت کے بعد بچے زندہ نہ رہتے ہوں، اس کو چاہئے کہ کاغذ کے ٹکڑے پر بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ 111 (ایک سو گیارہ) مرتبہ لکھ کر تعویز بنا کر گلے یا کمر میں پہن لے، تو نہ صرف یہ کہ حمل محفوظ رہے گا بلکہ پیدائش کے بعد بچے بھی محفوظ رہیں گے۔
تسخیر حکام اور مقدمہ میں کامیابی کے لیے: بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کسی کاغذ پر786 مرتبہ لکھ کر عمامہ میں یا سامنے کی جیب میں رکھ کر حکام کے سامنے جائے۔ یا مذکورہ تعداد کے مطابق پڑھ کر جائے تو حکام اس پر مہربان ہوجائیں گے۔
Comments
Post a Comment