سرگزشتِ سفرِ دیوبند

             سرگزشتِ سفرِ دیوبند

              


ایک ہم سفر کی خواہش، علمی و روحانی سرزمین کی زیارت اور احباب کی یادوں کا سفر۔

راقم السطور نے اپنی زندگی کا ایک قابلِ لحاظ عرصہ دیوبند میں گزارا ہے۔ زمانۂ طالب علمی کے پانچ سال کے علاوہ تقریباً سات سال کتابت کے شغل سے وابستگی کے دوران بھی دیوبند ہی میں قیام رہا۔ اس طرح مجموعی طور پر تقریباً بارہ سال اس علمی و روحانی سرزمین کی فضاؤں میں سانس لینے کا موقع ملا۔

سن 2002ء میں شغلِ کتابت کو خیرباد کہنے کے بعد وطنِ مالوف ہی میں سکونت اختیار کرلی، تاہم دیوبند سے تعلقِ خاطر اور وابستگی کا یہ عالم رہا کہ سال دو سال میں ایک مرتبہ وہاں کا سفر ضرور ہوجاتا تھا۔ جب کبھی اپنے سفر کی روداد اپنے ایک قرابت دار، جناب بھائی قمر الہدیٰ صاحب، کھلونا فروش (Toy Seller)، گورکھپور کو سناتا تو ان کے دل میں بھی دیوبند کی اس علمی سرزمین کی سیر و زیارت کا شوق انگڑائیاں لینے لگتا۔

بہرحال! گزشتہ ایک دو سال سے ان کا تقاضا کچھ زیادہ ہی بڑھ گیا تھا۔ دیوبند جانے کا داعیہ اور جذبہ ان کے اندر شدت اختیار کرچکا تھا۔ ایک روز مجھ سے استفسار کیا: "کیا چلنا ہے؟" چونکہ ان کے اس استفسار سے چند ماہ قبل ہی، یعنی نومبر 2022ء کے آخری عشرے میں، راقم دیوبند کی زیارت کرکے واپس آیا تھا، اس لیے میں نے قدرے توقف کرنے کا مشورہ دیا۔ تاہم ان کا اصرار تھا کہ جب بھی دیوبند کا سفر ہوگا، راقم السطور ہی کے ساتھ ہوگا۔


خیر! قدرت کا کرنا ایسا ہوا کہ 17 نومبر 2026ء، بروز منگل، وہ ساعتِ مسعود بھی آن پہنچی جب ہم دونوں عازمِ سفر ہوئے۔

چونکہ گورکھپور سے سہارنپور تک ٹرین کی ٹکٹیں دستیاب نہیں ہوپارہی تھیں، اس لیے یہ ترتیب طے پائی کہ راقم 16 نومبر، بروز پیر، گورکھپور پہنچ جائے۔ چنانچہ دن بھر کی مصروفیات سے فراغت کے بعد رات کا قیام قمر الہدیٰ صاحب کے دولت کدے پر ہوا۔

منگل کی علی الصباح انٹرسٹی ٹرین کے ذریعے روانگی عمل میں آئی اور دوپہر بارہ بجے ان کے برادرِ نسبتی، جناب آفتاب صاحب، کے دولت کدے پر پہنچے۔ علیک سلیک اور خیر و عافیت دریافت کرنے کے بعد میزبانِ محترم نے مختصر مگر نہایت عمدہ ضیافت کا اہتمام فرمایا۔ کچھ دیر تازہ دم ہونے کے بعد نمازِ ظہر کا وقت ہوگیا۔ مؤذن کی بانگِ درا بلند ہوئی، نمازِ ظہر سے فراغت حاصل کی اور پھر ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے بعد کچھ دیر قیلولہ فرمایا۔

بعد ازاں معمولی سی مصروفیت رہی، یہاں تک کہ نمازِ عصر کا وقت آن پہنچا۔ نماز سے فراغت کے بعد چائے نوشی کا دور چلا۔ مغرب کے بعد کچھ دیر گفتگو اور احوال پرسی کا سلسلہ جاری رہا۔

چونکہ چار باغ ریلوے اسٹیشن سے نوچندی ایکسپریس پکڑنی تھی اور رات کے اوقات میں شاہراہوں پر عموماً خاصا ازدحام رہتا ہے، اس لیے ہم نے سات بجے ہی شب کا کھانا تناول کرلیا۔ دوپہر اور رات، دونوں وقتوں کے طعام و ضیافت میں میزبانِ محترم نے نہایت پرتکلف اہتمام فرمایا تھا۔

بہرحال! آٹھ بجے ہم لوگ اسٹیشن کے لیے روانہ ہوگئے۔ اسٹیشن پر ایک صاحب سے ملاقات طے تھی، ان سے ملاقات و گفت و شنید سے فراغت حاصل کرکے پلیٹ فارم پر پہنچے۔ ٹرین کے انتظار، پلیٹ فارم پر نشستوں (کرسیوں) کی عدم موجودگی اور چھت کے کھلے ہونے کے باعث ہوا اور کہرے کے حملوں نے سفر کی صعوبتوں کا بھرپور احساس دلایا۔ بلاشبہ سفر کے متعلق حدیثِ نبوی (صلی اللّٰہ علیه وسلم) کا ارشاد "السفر قطعة من العذاب" ایسے ہی مواقع پر اپنی پوری معنویت کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ اسی لیے حضور اکرم (صلی اللّٰہ علیه وسلم) سفر کے تکلیف دہ مناظر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب فرمایا کرتے تھے:

"اللَٰهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ وَعْثَاءِ السَّفَرِ، وَكَآبَةِ الْمَنْظَرِ".


بہرحال! ٹرین تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی۔ ہم لوگ سوار ہوئے اور اپنی اپنی برتھوں پر آرام سے سوگئے۔ بالآخر 18 نومبر، بروز بدھ، دوپہر بارہ بجے دیوبند پہنچ گئے۔

اسٹیشن سے باہر آکر دارالعلوم وقف کے لیے آٹو رکشہ لیا اور ساڑھے بارہ بجے وہاں کے مہمان خانے، فرودگاہِ صالحین، میں اندراج کرایا۔ کمرے میں آرام کے لیے جگہ مختص کردی گئی۔ جیسے ہی کمرے میں داخل ہوئے، دیکھا کہ دسترخوان بچھا ہوا ہے اور پہلے سے موجود مہمانانِ کرام کھانے کے لیے آمادہ بیٹھے ہیں۔ کھانا حاضر ہوا، سب لوگ دسترخوان پر بیٹھے اور تناولِ ماحضر سے فارغ ہوئے۔


کھانے سے فراغت ہوتے ہی میرے فرزندِ ارجمند، حافظ ابوالاحبار سلمہ، جو دارالعلوم وقف میں دورۂ حدیث کے طالب علم ہیں، ملاقات کے لیے حاضر ہوئے۔ ان سے ملاقات ہوئی۔ نمازِ ظہر دارالعلوم وقف کی مسجد، "اطیب المساجد" میں ادا کی۔ اس کے بعد کچھ دیر قیلولہ کیا اور تین بجے دارالعلوم دیوبند کی سیر اور احباب سے ملاقات کی غرض سے روانہ ہوئے۔

 دارالعلوم وقف: دارالعلوم وقف دیوبند کا تعلیمی و انتظامی  سفر 1982ء میں دیوبند کی مرکزی جامع مسجد سے شروع ہو کر آج ایک وسیع اور خود مختار جامعہ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

 :قیام کا پس منظر•

  1980ء سے 1982ء کے درمیان دارالعلوم دیوبند میں پیدا ہونے والے انتظامی اختلافات کے بعد، حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب قاسمی کی سرپرستی اور مولانا محمد سالم قاسمی و مولانا سید محمد انظر شاہ کشمیری کی قیادت میں دارالعلوم وقف دیوبند کی بنیاد رکھی گئی۔

  مرکزی جامع مسجد میں آغاز: ابتدائی مرحلے میں اساتذہ اور طلبہ کے پاس اپنی مستقل عمارت یا دارالاقامہ موجود نہیں تھا، اس لیے تعلیمی حلقے اور اسباق دیوبند کی مرکزی جامع مسجد میں شروع کیے گئے۔

 :مستقل کیمپس کی طرف منتقلی• 

 وقت گزرنے کے ساتھ طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور تعلیمی ضروریات کے پیش نظر دیوبند ہی میں مستقل زمین حاصل کر کے عمارتوں، درس گاہوں اور دارالاقامہ کی تعمیر کی گئی اور ادارے کو جامع مسجد سے وہاں منتقل کر دیا گیا۔


 :موجودہ کیمپس اور اہم تعلیمی شعبے •

آج دارالعلوم وقف دیوبند کا اپنا وسیع کیمپس ہے جہاں قدیم و جدید علوم کی تدریس و تحقیق کا منظم سلسلہ جاری ہے۔

 :فرودگاہِ صالحین اور اطیب المساجد کا تعارف • 

فرودگاہِ صالحین دارالعلوم وقف دیوبند کا مہمان خانہ (دارالاقامہ) ہے، جو جامعہ کے کیمپس ہی میں واقع ہے۔ اس کا بنیادی مقصد جامعہ میں تشریف لانے والے مہمانانِ کرام، علماء اور زائرین کے قیام و طعام کا انتظام کرنا ہے۔ یہاں چند کمرے اہم اور خصوصی مہمانوں کے لیے مختص ہیں، جن میں دو بستروں کے ساتھ منسلک غسل خانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہال نما کمرہ، جس کا نمبر سات ہے، عام مہمانوں کے قیام کے لیے مخصوص ہے۔ عموماً یہاں چوبیس گھنٹے قیام کی اجازت ہوتی ہے، البتہ کسی کی سفارش کی صورت میں مزید ایک دن کی مہلت بھی مل جاتی ہے۔

 اس مہمان خانے کی ایک امتیازی خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہاں غلافِ کعبہ کا ایک بابرکت ٹکڑا بطورِ تبرک و زینت آویزاں کیا گیا ہے۔ وضو و غسل کے لیے گرم پانی کا انتظام بھی رہتا ہے۔

 :اطیب المساجد •

 دارالعلوم وقف کے کیمپس میں واقع ایک خوب صورت اور کشادہ مسجد ہے۔ اس کی تعمیر میں سرخ پتھر اور سفید سنگِ مرمر کا استعمال کیا گیا ہے، جب کہ محرابی دروازے اور باریک جالیوں کا نفیس کام اس کی معماری کو مزید دل کش بناتا ہے۔ مرکزی ہال اور صحن میں سنگِ مرمر کی تنصیب کی گئی ہے۔


مسجد کا نمایاں مرکزی گنبد، کشادہ ہال اور وسیع صحن ایک پرسکون اور روح پرور ماحول فراہم کرتے ہیں۔ مسقف حصے میں چوبیس صفیں ہیں، جن میں عمدہ قالین نما مصلے بچھے ہوئے ہیں۔ اندرونی حصے میں بیک وقت تقریباً ڈھائی ہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے، جب کہ اس کے علاوہ اتنا ہی وسیع و عریض صحن بھی موجود ہے۔

مسجد کے اندرونی حصے میں بلند محراب، جاذبِ نظر خطاطی اور روشن و پرکشش فضا نمایاں ہے۔ یہ مسجد نماز اور ذکرِ الٰہی کے ساتھ ساتھ جامعہ کے علمی و دینی ماحول کا بھی ایک اہم حصہ ہے۔


باز آمدم برسرِ گفتگو۔ اب ہم لوگ دارالعلوم دیوبند میں داخل ہوئے۔

راقم کے لیے تو یہ تمام مناظر کچھ نئے نہ تھے، اس لیے کہ تقریباً بارہ سال کا عرصہ دیوبند میں گزار چکا ہے؛ اصل مقصد تو قمر الہدیٰ بھائی کو گھمانا اور ان مقامات کی زیارت کرانا تھا۔

 :دارالعلوم دیوبند کا تعارف •  

دارالعلوم دیوبند ہندوستان کا ایک معروف اسلامی تعلیمی ادارہ ہے، جہاں سے سنی دیوبندی مکتبِ فکر کی علمی و دینی تحریک نے فروغ پایا۔ یہ ادارہ اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے قصبہ دیوبند میں واقع ہے۔ اس کی بنیاد 1866ء میں حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی، مولانا فضل الرحمن عثمانی، سید محمد عابد دیوبندی اور دیگر اکابرین نے رکھی تھی۔ مولانا محمود دیوبندی اس ادارے کے اولین اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں، جب کہ حضرت مولانا محمود حسن دیوبندی اس کے اولین طلبہ میں سے تھے۔

ہم لوگ مدنی گیٹ سے اندر داخل ہوئے۔ مطبخ کی ایک جھلک دیکھی اور پھر شعبۂ انٹرنیٹ میں کام کرنے والے اپنے قدیمی شناسا حضرات، مولانا مفتی محمد اللّٰہ خلیلی قاسمی، مولانا محمد حسین صاحب اور مولانا عبدالہادی صاحب سے ملاقات کی غرض سے پہنچے۔ الحمد للّٰہ! تمام حضرات سے ملاقات ہوئی، خیریت دریافت کی گئی اور دیرینہ تعلقات کی تجدید ہوئی۔ چائے نوشی کا دور بھی چلا۔

اسی اثنا میں چار بج گئے، تعطیل کا گھنٹہ بجا اور اذانِ عصر کی آواز فضا میں بلند ہوئی۔ طبیعت تو چاہتی تھی کہ گفت و شنید کا یہ سلسلہ نہ صرف جاری رہے، بلکہ مزید دراز ہو؛ مگر نمازِ عصر کی ادائیگی، وہ بھی باجماعت، کا تقاضا سامنے تھا۔

چنانچہ نمازِ عصر دارالعلوم کی قدیم مسجد میں ادا کی۔ نماز سے فراغت کے بعد اپنے پرانے رفیق، مولانا عبد العلی صاحب، محرر دارالافتاء دارالعلوم دیوبند، اجملی دواخانہ، نزد چھتہ مسجد، سے ملاقات کی غرض سے روانہ ہوئے۔ ان کے مطب پر ملاقات ہوگئی اور مغرب تک گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ نمازِ مغرب چھتہ مسجد ہی میں ادا کی۔

اس کے بعد چائے نوشی کا دور چلا۔ وہاں سے اپنے ایک قریبی عزیز، مولانا کاتب اسرار احمد مرحوم کے فرزند جناب محمد سالم ٹیلر، سے ملاقات کے لیے سفید مسجد کے قریب گئے۔ تھوڑی ہی دیر میں ان سے رخصت چاہی۔

اب نمازِ عشاء کے لیے دارالعلوم کی "مسجدِ قدیم" میں حاضری دی اور نماز ادا کی۔ عشائیے کے لیے اپنے زمانۂ قیامِ دیوبند کے دوست، جناب محمد راشد سلمانی ایڈووکیٹ، کے دولت کدے پر "محلہ بڑضیاء الحق" میں آٹھ بجے حاضری دی۔ سلام و مصافحہ کے بعد احوال پرسی ہوئی اور سیاسی، سماجی و دیگر متنوع امور پر تبادلۂ خیالات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ حالاتِ حاضرہ بھی زیرِ بحث آئے۔ گفتگو کا سلسلہ ایسا دراز ہوا کہ درمیانِ گفتگو کھانے سے بھی فراغت حاصل ہوگئی، مگر وقت گزرنے کا احساس تک نہ ہوا۔

بالآخر ساڑھے نو بجے چار و ناچار ان سے یہ کہہ کر رخصت لی کہ ابھی کئی حضرات سے ملاقات کرنا باقی ہے۔

وہاں سے دارالعلوم وقف کے قریب پہنچے۔ مولانا سکندر صاحب سے ملاقات کا ارادہ تھا، مگر معلوم ہوا کہ وہ حسبِ معمول کھانے کے بعد چہل قدمی میں مصروف ہیں۔ اسی اثنا میں اپنے دوست اور استاذ زادے، مفتی محمد عارف عثمانی صاحب، صاحب زادۂ حضرت مولانا خورشید عالم عثمانی صاحب، سابق صدر مفتی و نائب مہتمم دارالعلوم وقف، سے رابطہ کرکے ملاقات کی اجازت چاہی۔ انہوں نے فوراً وقت عنایت فرمایا۔

چنانچہ ان کے کاشانے پر حاضری ہوئی۔ احوال پرسی کے بعد انہوں نے نہایت پرتکلف ضیافت کا اہتمام فرمایا۔ وہاں سے اجازت لے کر مولانا سکندر صاحب کے یہاں حاضر ہوئے۔ ان سے بھی ملاقات کا دورانیہ اگرچہ مختصر رہا، مگر اس مختصر سی نشست نے ماضی کی بہت سی پرانی یادوں کے دریچے وا کردیے۔

اب رات کے گیارہ بج چکے تھے۔ ان سے رخصت لے کر جیسے ہی دارالعلوم وقف میں داخل ہوئے، حضرت مولانا محمد ابراہیم قاسمی بستوی صاحب، مہتمم جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم والصنعۃ، کا فون آگیا۔ انہوں نے دریافت فرمایا کہ کیا میں نے آپ کو دارالعلوم وقف کے قریب سے گزرتے ہوئے دیکھا ہے، یا محض شباہت ہوئی ہے؟ میں نے عرض کیا کہ واقعی آپ کی نگاہ نے درست تعاقب کیا ہے۔ اس پر انہوں نے اس بات پر خاصی ناگواری کا اظہار فرمایا کہ مجھے آمد کی اطلاع کیوں نہیں دی گئی۔ میں نے معذرت پیش کی اور بروز جمعرات علی الصباح ملاقات کا وعدہ کیا۔

اس کے بعد مہمان خانے میں حاضر ہوا اور دن بھر کی سرگزشت کو سپردِ قلم کرنے بیٹھ گیا۔ لکھتے لکھتے رات کے بارہ بج گئے۔ اب سونے کی دعا پڑھی اور محوِ خواب ہوگیا۔


 :مورخہ 19 نومبر، بروز جمعرات•  

 فجر کے بعد کسی ضرورت کے تحت مولانا سکندر صاحب کو فون کیا تو اتفاقاً ان کے پاس حضرت مولانا عبد اللطیف صاحب، سابق استاذ دارالعلوم وقف دیوبند، موجود تھے۔ انہوں نے ملاقات کا حکم فرمایا۔ چنانچہ حکم کی تعمیل کرتے ہوئے آٹھ بجے ان کے دولت کدے، "زاویہ لطیف"، پر حاضری دی۔

چونکہ ساڑھے آٹھ بجے دارالعلوم وقف کے دارالافتاء میں اپنے استاذ زادے، صاحب زادۂ مولانا جلال الدین قاسمی صاحب، مفتی محمد اسعد قاسمی صاحب سے ملاقات کا وقت متعین تھا، اس لیے طویل عرصے کے بعد ملاقات ہونے کے باوجود حضرت مولانا سے مختصر گفت و شنید کے بعد دارالافتاء کے لیے روانہ ہوگیا۔

مفتی محمد اسعد صاحب نے والہانہ استقبال فرمایا، اپنی نشست پر بٹھایا اور بطورِ چاشت چنا، حلوہ اور چائے کا اہتمام فرمایا۔ دفتر میں موجود مولانا مفتی امانت علی قاسمی صاحب اور دیگر حضرات سے تعارف کرایا۔ مفتی امانت علی قاسمی صاحب کی تالیف کردہ ایک کتاب "جدید مسائل میں فتاویٰ نویسی کا منہج" بھی ہدیۃً عنایت فرمائی۔

مفتی محمد اسعد صاحب اپنے والدِ گرامی کی حیات و خدمات پر ایک سوانحی کتاب مرتب فرما رہے ہیں، جو ضخامت زیادہ ہونے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ مختلف امور پر تقریباً آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک تبادلۂ خیالات کا سلسلہ جاری رہا۔

سفر ہے شرط مسافر نواز بہتیرے

ہزارہا شجر سایہ دار راہ میں ہیں


بہر کیف! وہاں سے فراغت کے بعد ہم لوگ دارالعلوم کی زیارت و سیر کے لیے روانہ ہوئے۔ سب سے پہلے دارالعلوم دیوبند کے کتب خانے کا رخ کیا۔

 دارالعلوم دیوبند کا کتب خانہ اور نئی شیخ الہند لائبریری:  دارالعلوم دیوبند کا کتب خانہ ادارے کے قدیم اور اہم علمی مراکز میں سے ایک ہے۔ اس کی عمارت 1324ھ/1906ء میں قائم ہوئی۔ بعد ازاں نئی شیخ الہند لائبریری کی تعمیر عمل میں آئی، جو سات منزلہ عمارت پر مشتمل ہے۔ یہ دونوں علمی مراکز طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے علمی و تحقیقی استفادے کا بڑا ذریعہ ہیں۔


کتب خانے میں دو لاکھ سے زائد کتابیں اور نئی سات منزلہ شیخ الہند لائبریری میں پانچ لاکھ سے زائد کتب موجود ہیں۔ یہاں تقریباً سترہ زبانوں کی کتابیں دستیاب ہیں، جن میں اردو، عربی، انگریزی اور ہندی قابلِ ذکر ہیں۔ موضوعات کا دائرہ بھی نہایت وسیع ہے اور سو سے زائد علوم و فنون سے متعلق کتابیں یہاں موجود ہیں۔

اس کتب خانے کا ایک اہم سرمایہ نادر و نایاب قلمی مخطوطات ہیں، جن کی تعداد پندرہ سو سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ان میں بعض نسخے کئی سو سال قدیم ہیں اور تصوف، فقہ، تاریخ، ادب اور طبِ یونانی جیسے متنوع موضوعات پر مشتمل ہیں۔ قرآن و تفسیر، حدیث، فقہ و فتاویٰ، سیرت و تاریخ، سوانح اور دیگر علوم و فنون سے متعلق عربی، اردو، فارسی، انگریزی اور ہندی زبانوں کی کتب بھی یہاں دستیاب ہیں۔


دارالعلوم کے قیام سے لے کر آج تک یہ کتب خانہ علمی تشنگی بجھانے، تحقیقی ذوق کی آبیاری اور اہلِ علم و طلبہ کی علمی ضروریات کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرتا آرہا ہے۔

کتب خانے کی زیارت سے فراغت کے بعد ہم نے دفترِ محاسبی میں محفوظ ایک متبرک رومال کی زیارت کا شرف بھی حاصل کیا، جس کی تاریخ نہایت دلچسپ اور دارالعلوم دیوبند کی ملی و دینی خدمات سے وابستہ ہے۔

واقعہ یہ ہے کہ جنگِ بلقان کے زمانے میں دارالعلوم دیوبند کی جانب سے خلافتِ عثمانیہ کی مالی اعانت کا جو قابلِ قدر اقدام کیا گیا، اسے سلطنتِ عثمانیہ نے قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھا۔ اسی جذبۂ قدر شناسی کے اظہار کے طور پر 1332ھ (مطابق 1913ء) میں سلطنتِ عثمانیہ کی جانب سے، ترکی کے سلطان کے توسط سے، دارالعلوم دیوبند کو ایک متبرک رومال بطورِ تبرک عطا کیا گیا۔

روایات کے مطابق اس رومال کو نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے جبۂ مبارک سے مس ہونے کی نسبت حاصل ہے۔ یہی نسبت اس کی عظمت و تقدس کا باعث ہے۔ چنانچہ یہ رومال دارالعلوم دیوبند میں ایک یادگارِ تبرک کی حیثیت سے محفوظ ہے، جو نہ صرف ایک تاریخی ہدیے کی یاد دلاتا ہے، بلکہ اکابرِ دیوبند کی ملی حمیت، دینی اخلاص اور عالمِ اسلام کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کی بھی ایک روشن علامت ہے۔

اس کے بعد ہم لوگ مسجد رشید کی طرف گئے۔ جامع رشید کے اطراف میں چکر لگاتے ہوئے مختلف گوشوں سے تصویر کشی بھی کی۔

 مسجد رشید (جامع رشید) کا تعارف •

جامع رشید دارالعلوم دیوبند کی قدیم مرکزی عمارت کے شمال میں واقع ایک عظیم الشان، کشادہ اور خوب صورت مسجد ہے۔ اس کا نام دارالعلوم کے سرپرست، حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمۃ اللّٰہ علیہ، کے نامِ نامی کی نسبت سے رکھا گیا ہے۔


اس کی تعمیر کا آغاز 1980ء کی دہائی میں ہوا اور یہ تقریباً پچاسی ہزار مربع فٹ رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس میں بیک وقت تقریباً پندرہ ہزار سے بائیس ہزار نمازیوں کی گنجائش بتائی جاتی ہے۔ مسجد کے بلند مینار، جن کی بلندی تقریباً ایک سو اسی فٹ ہے، اور مرکزی گنبد، جو تقریباً ایک سو بیس فٹ بلند ہے، اس کے طرزِ تعمیر کو نمایاں کرتے ہیں۔


سفید پتھر اور سنگِ مرمر کے استعمال، کشادہ ہال اور خوب صورت محرابوں نے اس مسجد کو غیر معمولی حسن و دل کشی عطا کی ہے۔ بالخصوص رات کی روشنی میں اس کا منظر نہایت دل فریب ہوتا ہے اور دارالعلوم کے زائرین کے لیے خصوصی کشش رکھتا ہے۔

جامع رشید محض پنج وقتہ نماز کی ادائیگی کا مقام نہیں، بلکہ دارالعلوم دیوبند کے بڑے اجتماعات، اصلاحی بیانات اور مختلف دینی و تعلیمی سرگرمیوں کا بھی ایک اہم مرکز ہے۔

باز آمدم برسرِ گفتگو! رفتہ رفتہ ساڑھے دس بجے ہم لوگ نئی تعمیر شدہ عمارت، "دارالحدیث و شیخ الہند لائبریری"، میں پہنچے۔ وہاں دارالعلوم کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ صحیح بخاری کا درس دے رہے تھے۔ ہم لوگ حصولِ تبرک و استفادہ کی غرض سے درس میں شریک ہوئے، مگر ساعتُ الدرس کا وقت اختتام کے قریب تھا۔ ہال میں آواز گونج رہی تھی۔ ابھی ہم سیاق و سباق کا اندازہ لگانے ہی میں تھے کہ کس باب اور کس عنوان کے تحت حدیث زیرِ درس ہے، اتنے میں حضرت کا درس مکمل ہوگیا۔

حضرت مہتمم صاحب سے بالمشافہ مصافحے کی کوئی گنجائش نہ تھی، کیونکہ آپ بذریعہ کار تشریف لے جارہے تھے۔ لہٰذا ہم نے ہاتھ اٹھا کر اشارۃً سلام پیش کیا، جس کا حضرت نے بھی اشارۃً جواب مرحمت فرمایا۔

پونے گیارہ بجے وہاں سے روانہ ہوکر دارالافتاء پہنچے، جہاں حضرت مولانا مفتی زین الاسلام صاحب الٰہ آبادی مدظلہ العالی، سابق امام جامع مسجد، اردو بازار (گھنٹہ گھر)، گورکھپور (سن 1984ء تا 1986ء)، سے ملاقات ہوئی۔

مولانا عبد العلی صاحب، محرر دارالافتاء، نے حضرت سے عرض کیا کہ آپ کے پرانے مقتدی، قمر الہدیٰ صاحب، گورکھپور سے ملاقات کی غرض سے حاضر ہوئے ہیں۔ حضرت نے ہمیں اپنے قریب بٹھایا۔ چونکہ دفتر کا وقت ادارے کی امانت ہوتا ہے، اس لیے چند باتوں کے تبادلے کے بعد اس ملاقات پر خوشی کا اظہار فرمایا اور عصر کے بعد اپنے دولت خانے پر تشریف آوری کی دعوت دی۔

چنانچہ وقتِ مقررہ پر ہم لوگ حاضر ہوگئے۔ حضرت نے گورکھپور کے اپنے قریبی عزیز جناب ظفر صاحب کے متعلق دریافت فرمایا اور ان سے فون پر گفتگو کرکے ہمارے دیوبند آنے کی اطلاع بھی دی۔ روانگی کے وقت ان کے لیے کچھ ہدیہ بھی سپرد فرمایا۔ اس کے بعد اپنے گھر کے احوال، فرزندان کی مشغولیات اور دیگر امور پر مغرب تک گفتگو ہوتی رہی۔

جس وقت ہم مفتی صاحب کی معیت، بلکہ ان کی مجلس میں بیٹھے ہوئے تھے، دل پر سکون و طمانیت کی ایک عجیب کیفیت طاری تھی۔ طبیعت چاہتی تھی کہ یہ مجلس مزید طویل ہو، مگر حضرت کو کہیں جانے کا تقاضا تھا، اس لیے مجلس جلد برخاست ہوگئی۔

دلا نزدِ کسی بنشین کہ او از دل خبر دارد

بہ زیرِ آں درختی رو کہ او گل‌های تر دارد 

(مولانا رومی)

ترجمہ: اے دل! کسی ایسے شخص کے پاس بیٹھ جو دل (کی کیفیات) سے واقف ہو، اور اس درخت کے نیچے جا جس پر تر و تازہ پھول (روحانیت) کھلے ہوں۔

ساڑھے گیارہ بجے حضرت مولانا توقیر احمد قاسمی کاندھلوی، استاذ و نگران شعبۂ انگریزی زبان و ادب دارالعلوم، سے ملاقات کا وقت متعین تھا۔ چنانچہ باب الظاہر کے عقب میں، جدید دارالحدیث کے قریب، شعبۂ تخصصات کی عمارت کے تہ خانے میں واقع شعبۂ انگریزی کی درس گاہ سے متصل دفتر میں حضرت سے ملاقات ہوئی۔

مگر حضرت کو خاصی عجلت تھی، کیونکہ مرکز المعارف ممبئی کی مسجد کے امام، مولانا محمد شاہد قاسمی بستوی صاحب، کے صاحب زادے کے نکاح کی تقریب میں شرکت کی غرض سے دہلی روانہ ہونا تھا۔ خیر! حضرت نے ایک طالب علم سے تہری منگوائی، ہمیں کھلائی اور پھر رخصت ہوئے۔ بروز جمعہ تفصیلی ملاقات کا وعدہ بھی فرمایا۔

تہری لانے والے طالب علم نے بتایا کہ روٹی، سالن اور بریانی تو ہر جگہ میسر ہوجاتی ہے، مگر دیوبند کی تہری، بالخصوص بھائی فرقان کے یہاں تیار ہونے والی تہری، کچھ زیادہ ہی لذیذ ہوتی ہے۔ اسی لیے مولانا صاحب باہر سے آنے والے مہمانوں کی عموماً اسی سے ضیافت فرماتے ہیں۔ واقعۃً قمر الہدیٰ بھائی نے بھی نہ صرف اس خصوصیت کا بخوبی اعتراف کیا، بلکہ تہری کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔

خیر! ہم لوگ بروز جمعہ، بعد نمازِ جمعہ، ڈھائی بجے ان سے دارالاساتذہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے گئے۔ اس موقع پر راقم السطور کے فرزند حافظ ابوالاحبار سلمہ بھی ہمراہ تھے۔

بروز جمعرات نمازِ مغرب جامع رشید میں ادا کی گئی۔ اس کے بعد اپنے زمانۂ قیامِ دیوبند کے ساتھی اور ہم پیشہ جناب شمس الزمان خطاط صاحب سے ملاقات کا وعدہ تھا۔ نماز سے فراغت ہوتے ہی خطاط صاحب کا فون آگیا کہ وہ دارالعلوم کے صدر دروازے پر انتظار کر رہے ہیں۔

ہم وہاں پہنچے تو مصافحہ و معانقہ کے بعد چائے نوشی کے لیے دارالعلوم کے مہمان خانے کے نیچے واقع سعیدیہ ہوٹل میں لے گئے۔ اتفاقاً وہاں مولانا عبد العلی صاحب بھی اپنے کسی شناسا کے ساتھ چائے نوشی میں مصروف تھے۔ اب بات سے بات نکلتی گئی اور گفتگو کا سلسلہ دراز ہوتا چلا گیا۔

راقم نے عشاء سے قبل دیوبند کے مشہور کاتب، جناب مولانا اسرار احمد قاسمی مرحوم، کے صاحب زادے مسعود احمد (شاداب اسکرین پرنٹر) سے سفید مسجد پر ملاقات کا وعدہ کر رکھا تھا، اس لیے شمس الزمان بھائی سے جلد رخصت چاہی۔ وہاں سے روانہ ہوکر مسعود احمد صاحب سے ملاقات کی۔ احوال پرسی کا سلسلہ جاری تھا کہ اتنے میں عشاء کی اذان کی آواز بلند ہوئی۔

اپنی مادرِ علمی کے ابتدائی زمانے کی یادوں سے وابستہ دیوبند کی مرکزی جامع مسجد میں ساڑھے سات بجے نمازِ عشاء باجماعت ادا کی گئی۔

عشائیے کے لیے کاتب صاحب مرحوم کے تیسرے نمبر کے فرزند، عزیزم شاداب احمد (مقیم حال سعودی عرب)، نے دعوت دے رکھی تھی۔ چنانچہ عزیزم مسعود احمد کے ہمراہ ہم دونوں، یعنی راقم السطور اور بھائی قمر الہدیٰ، محلہ شاہ رمز الدین میں شاداب احمد صاحب کی رہائش گاہ پر حاضر ہوئے۔

ان کی اہلیہ نے چکن قورمہ، بریانی اور فیرنی جیسے لذیذ اور خوش ذائقہ پکوانوں سے دسترخوان کو آراستہ کرکے نہایت پرتکلف ضیافت کا اہتمام کر رکھا تھا۔ اس بریانی، بالخصوص چاولوں کی تعریف کیے بغیر قمر الہدیٰ بھائی سے بھی نہ رہا گیا۔ ہم لوگوں نے شکم سیر ہوکر کھایا اور دس بجے رخصت لے کر دارالعلوم وقف کے مہمان خانے میں واپس آگئے۔

حسنِ اتفاق۔ ساڑھے دس بجے ہم لوگ مہمان خانے میں حاضر ہوئے۔ ابھی بستر درست ہی کر رہے تھے کہ گورکھپور کے مولانا انعام الرحمٰن قاسمی صاحب، مرکز سنگی مسجد، اماراتی نظام کے تحت چلنے والی تبلیغی جماعت، اپنے چند احباب کے ہمراہ وارد ہوئے۔

دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ گورکھپور اور مہراج گنج کے طلبہ کی سالانہ تعطیلات کے دوران چلے کی جماعت میں روانگی کی تشکیل کے سلسلے میں تشریف لائے ہیں۔ چنانچہ صبح دس بجے مہمان خانے کے کمرہ نمبر سات میں اپنے اطراف کے طلبہ کو جمع کرکے ترغیبی گفتگو فرمائی اور چلے کی تشکیل عمل میں لائی۔

دیوبند، بالخصوص دونوں دارالعلوم کے علمی و روحانی ماحول کو دیکھ کر میرے ہم سفر کی زبان سے بار بار یہ جملہ نکلتا کہ یہاں کی سرزمین میں ایسی نورانیت اور جاذبیت ہے کہ ابھی مزید گھومنے اور زیارت کرنے کو جی چاہتا ہے۔ بلکہ طبیعت تو یوں چاہتی ہے کہ یہیں مستقل بسیرا کرلیا جائے۔

چہ خوش باشد سرِ کوئے تو بودن

بہ یادِ روئے تو، با تو غنودن 

(جامی)


ترجمہ: تیری گلی کے سرے پر بیٹھنا، اور تیری یاد میں کھو کر تیرے ہی ساتھ (سکون کی) نیند لینا کس قدر خوشگوار ہے۔

مورخہ 20 نومبر، بروز جمعہ، صبحِ صادق کے وقت جنوبی ہندوستان، کیرالہ اور اس کے اطراف سے تعلق رکھنے والے سترہ افراد پر مشتمل ایک جماعت کا (فرودگاہِ صالحین میں) ورودِ مسعود ہوا۔ ایسا محسوس ہوتا تھا گویا یہ مہمان خانہ نہیں، بلکہ کوئی سرائے یا دھرم شالا ہے۔

بہرحال! ان حضرات کا مقصد بھی اپنے اپنے علاقوں کے طلبہ کی تعطیلات کے دوران جماعت میں وقت لگانے کے لیے تشکیل کرنا تھا۔

ساڑھے آٹھ بجے مولانا عبد العلی صاحب، محرر دارالافتاء دارالعلوم دیوبند، نے ناشتے کے لیے مدعو فرمایا۔ حضرت نے نصف درجن سے زائد انواع و اقسام کے لذیذ لوازمات پر مشتمل نہایت پرتکلف ناشتے کا اہتمام فرمایا تھا۔

ناشتے سے فراغت کے بعد ہم تلہیڑی چنگی کی جانب روانہ ہوئے۔ راستے میں "قاسمی قبرستان" واقع ہے؛ چنانچہ فاتحہ خوانی کی غرض سے وہاں حاضری دی۔ فاتحہ خوانی سے فراغت کے بعد میں نے قمر الہدیٰ بھائی کو اس قبرستان کی تاریخی و علمی اہمیت سے آگاہ کیا۔

• قاسمی قبرستان، جسے مزارِ قاسمی بھی کہا جاتا ہے، دارالعلوم دیوبند کی علمی و دینی تاریخ سے گہری وابستگی کے باعث غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ قبرستان دارالعلوم دیوبند کے مشرقی جانب واقع ہے اور متعدد نامور علمی، دینی اور ملی شخصیات کی آخری آرام گاہ ہے۔


اس کی شہرت کا بنیادی سبب دارالعلوم دیوبند کے بانی، حجۃ الاسلام مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمۃ اللّٰہ علیہ (وفات: 1880ء) کی یہاں تدفین ہے۔ ان کے خاندان کی جانب سے وقف کی گئی اس زمین کو عام مسلمانوں کے لیے بھی مخصوص کیا گیا تھا۔

یہیں شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی رحمۃ اللّٰہ علیہ (وفات: 1920ء) سمیت دارالعلوم دیوبند کے متعدد اساتذہ، مہتممین اور اکابر علما بھی آسودۂ خاک ہیں، جنہوں نے دینی تعلیم و تدریس، تصنیف و تالیف اور تحریکِ آزادی میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

خیر! گیارہ بجے حسبِ وعدہ تلہیڑی چنگی کے قریب واقع عزیزم مسعود احمد کے مکان پر مختصر حاضری ہوئی۔ گنجائش نہ ہونے کے باوجود چائے نوشی سے انکار نہ ہوسکا۔ تقریباً پندرہ منٹ بعد ان سے رخصت لے کر انہی کے ہمراہ قریب ہی رہائش پذیر ان کے دیگر برادران سے ملاقات کے لیے روانہ ہوئے۔

چونکہ ساڑھے بارہ بجے، بوقتِ اذانِ جمعہ، اطیب المساجد، دارالعلوم وقف، میں حاضر ہونا تھا، اس لیے ملاقات کا دورانیہ انتہائی مختصر رکھتے ہوئے سوا بارہ بجے وہاں سے رخصت ہوئے۔ وقتِ اذان قریب تھا، چنانچہ انہوں نے اپنی موٹر سائیکل کے ذریعے ہمیں مسجد تک پہنچایا۔

دوپہر کے کھانے کے لیے مولانا محمد حسین صاحب بھولے پوری، کارکن شعبۂ انٹرنیٹ دارالعلوم دیوبند، نے دعوت دے رکھی تھی۔ اگرچہ ایک دوسرے صاحب نے بدھ کے روز ہی جمعہ کے ظہرانے کی دعوت دے دی تھی، مگر ذہن سے وہ وعدہ محو ہوگیا اور مولانا محمد حسین صاحب کی دعوت پر لبیک کہہ دیا۔

خیر! نمازِ جمعہ سے فراغت کے بعد ہم دونوں، اور ساتھ میں عزیزم ابوالاحبار سلمہ، دارالاساتذہ میں ان کی رہائش گاہ پر حاضر ہوئے۔ مولانا نے ماشاء اللّٰہ نہایت عمدہ اور پرتکلف ظہرانے کا اہتمام فرمایا تھا۔ خوب سیر ہوکر کھایا گیا۔ فجزاہ اللّٰه خیر الجزاء۔

ابھی کھانے سے پوری طرح فراغت بھی حاصل نہ ہوئی تھی کہ دورانِ خورد و نوش حضرت مولانا توقیر احمد صاحب کاندھلوی کا فون آگیا کہ کچھ وقت نکال کر ان کے گھر تشریف لائیں۔ چنانچہ تعمیلِ حکم کرتے ہوئے ہم لوگ وہاں پہنچے۔ حضرت نے مختلف اقسام کی قیمتی اشیائے خورد و نوش پیش فرمائیں۔ ہم نے خاطر خواہ وقت گزارا اور اذانِ عصر سے قبل عطر بیز، (اجمل عطورات کی 'رایل عود کویتی' کے ہدیہ کے ساتھ) الوداع کہا۔ 


بہرحال! سفر کی تکمیل کے بعد واپسی کے وقت بارگاہِ خداوندی میں راقم نے یوں عرض کیا:

من از دیارِ حبیبم نہ از بلادِ غریب

مہیمنا! بہ رفیقانِ خود رساں بازم

(حافظ شیرازی)

ترجمہ: میں تو اپنے محبوب کے شہر کا رہنے والا ہوں، کسی اجنبی شہر کا نہیں؛ اے میرے محافظ! (اللّٰہ) مجھے دوبارہ میرے ساتھیوں تک پہنچا دے۔

عصر کے بعد اسٹیشن کے لیے روانگی ہوئی۔ نوچندی ایکسپریس اپنے وقتِ مقررہ پر آگئی اور ہم لوگ سوار ہوکر اپنی اپنی نشستوں پر براجمان ہوگئے۔ سفر شروع ہوا تو جیسے جیسے ٹرین آگے بڑھتی گئی، تاخیر کا شکار ہوتی چلی گئی۔ لکھنؤ پہنچتے پہنچتے اپنے مقررہ وقت سے چار گھنٹے تاخیر ہوگئی اور صبح نو بجے وہاں پہنچی۔

نتیجتاً لکھنؤ سے گورکھپور کے لیے صبح کے وقت روانہ ہونے والی تمام ٹرینیں جاچکی تھیں۔ اب ہم لوگ اسٹیشن سے باہر نکل آئے۔ ناشتہ کیا، پھر بذریعہ آٹو رکشہ "چنہٹ" چوراہے پر پہنچے اور دس بجے گورکھپور کے لیے بس پر سوار ہوگئے۔

ڈرائیور نے حد درجہ سست رفتاری کا مظاہرہ کیا۔ چار گھنٹے کی مسافت طے کرنے میں چھ گھنٹے صرف کردیے۔ اس طرح چار بجے ہم لوگ گورکھپور کے ٹرانسپورٹ نگر پہنچے۔

وہاں سے قمر الہدیٰ بھائی اپنے گھر، رائے گنج گورکھپور، روانہ ہوگئے۔ راقم السطور کو ابھی مزید چالیس کلومیٹر کا سفر طے کرنا تھا۔ اس لیے وہاں سے بروقت دستیاب آٹو رکشہ کو غنیمت سمجھتے ہوئے اسی پر سوار ہوگیا۔

الغرض! راقم بھی بحمد اللّٰه تعالیٰ شام چھ بجے اپنے غریب خانے، "دارالثقافہ"، پہنچ گیا۔

اس طرح پانچ روزہ یہ سفر مورخہ 21 نومبر 2026ء، بروز ہفتہ، سرِ شام چھ بجے بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

آئِبُوْنَ تَائِبُوْنَ عَابِدُوْنَ لِرَبِّنَا حَامِدُوْنَ۔

ابوالحسنات قاسمی

دارالثقافہ، اسونجی بازار، گورکھپور

Comments